نئے سال 2021 کے لئے فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسیس شاء کا خصوصی پیغام

نئے سال 2021 کے لئے
فضیلت مآب آرچ بشپ سبسٹین فرانسیس شاء کا خصوصی پیغام

عزیزو! ہم سب کا تجربہ ہے کہ 2020 کا سورج اپنے ساتھ کرونا جیسی جان لیوا وبا کو لے کر طلوع ہوا۔ چائنہ کے شہر ہوان سے اُٹھنے والے اِس جان لیوا وائرس نے ساری دُنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دُنیا کا ہر شخص کسی نہ کسی طرح اِس جان لیوا وبا سے ضرور متاثر ہوا۔
کرونا کے جان لیواحملوں سے لاکھوں اِنسان زِندگی کی بازی ہار گئے اور اپنے پیچھے کروڑوں اِنسانوں کو روتا، اُداس اور تنہا چھوڑ گئے۔ بے شمار صنعتیں اور کاروبار متاثر ہونے کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے۔ ہزاروں میٹنگیں معطل ہوئیں، سکول، کالج اور یونیورسٹیاں کرونا کی وجہ سے بند ہوئیں اور لاتعداد نوجوان اپنی پڑھائی پر مناسب طور پر توجہ نہ دے سکے یا مقررہ وقت پر مکمل نہ کرسکے۔ ہر طرف خوف اور مایوسی کی فضا چھائی رہی۔ عالمی سطح پر رُونما ہونے والے اِن حالات کو دیکھتے ہوئے پاپائے اعظم پوپ فرانسیس نے اِس سال یعنی 2021 کو ”مقدس یوسف کا سال“ قرار دیا ہے۔
کئی لوگ سوچتے ہوں گے کہ پاپائے اعظم نے اِس سال کو مقدس یوسف کا سال کیوں قرار دیا ہے؟ تو آئیں! مقدس یوسف کی زِندگی کے چند پہلوؤں پر غور کریں اور مقدس یوسف والی خوبیوں کو اپنا کر اپنے گھر اور معاشرے کے لئے برکت کا باعث بنیں۔ بائبل مقدس میں مقدس یوسف کے بارے بہت اعلیٰ صفات کا ذکر کیا گیا ہے۔
1۔ وہ راستباز تھا۔ 2۔ وہ بدنام کرنا نہیں چاہتاتھا۔ 3۔ وہ چپکے سے چھوڑ دینا چاہتا تھا۔ 4۔ وہ محنتی تھا۔ 5۔ وہ ذمہ دار اور پالنے والا باپ تھا۔
٭ آئیں! ہم خُدا سے دُعا کریں کہ ہم مقدس یوسف کی طرح راستباز اِنسان بنیں۔
٭ آئیں! ہم مقدس یوسف کی طرح کسی کی بدنامی، کردار کشی یا کسی کے بارے میں غلط افواہیں یا چغلیاں نہ لگائیں۔
٭ آئیں! ہم اپنی زبان کی رُوحانیت کو بہتر کرتے ہوئے جہاں ضروری ہو وہاں خاموش رہیں اور جہاں زبان کھولنے سے کسی کا فائدہ ہو تو اُس کا اِظہار کریں۔
٭ آئیں! ہم اِس سال پہلے سے بھی زیادہ محنت کریں۔ اور اپنے لئے اور اپنے خاندان کے لئے اور مُلک کے لئے محنت کی مثال بنیں۔
٭ آئیں! ہم مقدس یوسف کی طرح اپنی خاندانی ذمہ داریاں پہلے سے بھی زیادہ فرض شناسی کے ساتھ پوری کریں۔ اور بچوں، خاندان، غریبوں، بیواؤں اور بے سہارا
لوگوں کے لئے خاص احساس رکھیں اور اُن کی ضروریات میں اُن کے کام آئیں۔

میری دُعا ہے کہ 2021 کا سال ہم سب کے لئے برکتوں، خوشیوں، کامیابیوں اور اچھی صحت کا سال ہو۔
اور خدا ہمارے مُلک کو تمام مشکلوں، پریشانیوں اور موجودہ بحرانوں سے نکالے تاکہ پاکستان میں رہنے والے ہر شخص کے لئے یہ سال خوشیوں اور امن کا سال ہو۔

دُعاؤں کے ساتھ
+ آرچ بشپ سبسٹین فرانسیس شاء
آرچ ڈایوسیس آف لاہور

Samson

Read Previous

شہید شہباز بھٹی کی 10ویں برسی کے موقع پر روم پاک ماس کی قیادت کرئے گا

Read Next

ریورنڈ فادر فرانسیس صابر (او.ایف.ایم.کیپ) کیپوچن جماعت کے نئے کسٹس مقرر

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے